’آپ اتنے بے وقوف کیوں ہیں‘؟ علی ظفر اس بار تنقید کی زد میں

فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ 5 کے لیے خود کا گانا ’میلا لوٹ لیا‘ تیار کرنے کے بعد علی ظفر اپنے ہیش ٹیگ ’بھائی حاضر ہے‘ کے ساتھ سوشل میڈیا پر کافی فعال نظر آرہے ہیں۔

علی ظفر نے اب منفرد انداز اپناتے ہوئے لالی وڈ کی معروف فلم ارمان کے گانے ’کو کو کورینا‘ کو ’کو کو  کورونا‘ بنا کر گایا۔

اس ’کو کو کورونا‘ گانے کو شیئر کرتے ہوئے علی ظفر نے ہیش ٹیگ ’بھائی حاضر ہے‘ کا استعمال بھی کیا۔

علی ظفر نے گنگنانے سے قبل کہا کہ ’اس وقت دنیامیں تمام انسانیت ایک بہت بڑی مشکل سے گزر رہی ہے اور اسے ہم سب کو مل کر لڑنا ہے،اس سے ہم کیسے لڑیں گے یہ بھائی بتائے گا‘۔

بعد ازاں ویڈیو میں علی ظفر نے گٹار بجاتے ہوئے منفرد گانے کے بول کچھ یوں سنائے ’میرے خیالوں میں چھایا ہے ایک وائرس متوالا سا، اوپر سے شرمیلا سا، اندر شیطان کا سالا سا‘۔

علی ظفر نے اپنے 2 منٹ 14 سیکنڈ ’کو کو کورونا‘ گانے میں  لوگوں کو وائرس سے متعلق احتیاط برتنے کے حوالے سے ہاتھ ملانے سے گریز کرنے کے حوالے سے بھی الفاظ کو شامل کیا ہے۔

لیکن اس مرتبہ بھائی کے مداحوں کو  ان کا یہ انداز کچھ زیادہ نہیں بھایا، جہاں متعدد صارفین نے ان کی کریٹیوٹی کی تعریف کی تو وہیں متعدد صارفین نےانہیں خوب تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

چلیں علی ظفر کے ’کوکوکورونا‘ گانے پر صارفین کے تبصرے جانتے ہیں!

یسریٰ کشف نامی کہتی ہیں کہ ’ملتان کے میچ ہارنے، لاہور قلندرز کے جیتنے اور کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ بھی بھائی ہے‘۔

اسد نے علی ظفر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’جن کو ہوگیا ہے یا ہونے کا خطرہ ہے ان سے پوچھو کیا حال ہیں، ٹرمپ جیسوں کو خدا یاد آیا ہوا ہے، آپ یہاں اپنی فنکاریاں جھاڑو اور عوام کو بھی اس پر لگاؤ،  اللہ تو تب ہی یاد آتا ہے ہمیں جب ہمارے اپنے اوپر آجائے‘۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ ’آپ توجہ لینے کا کوئی موقع چھوڑیں گے؟‘۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’آپ اتنے بے وقوف کیوں ہیں‘۔

خیال رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 76 ہوگئی جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی تعداد 94 ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :