بھائی نے ’میلہ لوٹ لیا‘، علی ظفر کا پی ایس ایل گیت ریلیز

معروف گلوکار علی ظفر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے گیت ریلیز کردیا۔

پاکستان سپر لیگ کے 5 ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کے بعد گلوکار علی عظمت اور علی ظفر آمنے سامنے آگئے تھے اور ٹوئٹر  پر کافی نوک جھونک ہوئی تھی۔

اس نوک جھونک کے بعد ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں علی ظفر سے پی ایس ایل کے لیے گیت تیار کرنے کی خواہش کی گئی تھی جس پر انہوں نے کہا تھا کہ عوام کے لیے جان بھی حاضر ہے، اگر وہ چاہتے ہیں کہ میں پی ایس ایل کے لیے کوئی گانا بناؤں تو میں کوشش کرنے کو تیار ہوں۔

اس کے بعد چند ہی دنوں میں علی ظفر نے نا صرف گیت تیار کیا تھا بلکہ مداحوں کو بھی گیت کے لیے ڈانس کی ویڈیوز بھیجنے کا کہا تھا۔ 

گلوکار علی ظفر نے پاکستان سپر لیگ کے لیے گیت ‘میلہ لوٹ لیا‘ جاری کردیا ہے جسے انہوں نے خود گایا ہے۔

اس گیت  میں نہ صرف مداحوں کی ڈانس ویڈیوز شامل کی گئی ہیں بلکہ خود بھی علی ظفر نے پرفارم کیا ہے۔

’میلہ لوٹ لیا‘ کی 5 منٹ 10 سیکنڈ کی ویڈیو میں مداحوں کی جانب سے بھیجے گئے ڈانسز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ گلوکار نے گیت کو مداحوں کے نام کرتے ہوئے کہا کہ مداحوں کے بغیر کچھ بھی ممکن نہ تھا۔  

گلوکار کی جانب سے گانا ریلیز کیے جانے کے چند منٹوں میں ہی یوٹیوب پر 48 ہزار سے زائد بار  دیکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ علی ظفر نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں گیت ’اب کھیل جمے گا‘ گایا تھا جو لیگ کی پہچان بن چکا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز نوکری سے نکالے جانے والے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کے میزبان احمد گوڈیل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا تھاکہ ’علی ظفرکے ساتھ کیا ہوا، فیمینزم اپنی جگہ، می ٹو مہم اپنی جگہ لیکن وہ اب تک مجرم ثابت نہیں ہوئے، سننے میں آیا تھا کہ میشا شفیع کیس بھی ہار گئیں تھیں لیکن پی ایس ایل میں مجھے اجازت نہیں کہ علی ظفر کا کوئی گانا چلاؤں‘۔

مزید خبریں :