Time 16 مارچ ، 2020
پاکستان

پنجاب یونیورسٹی کے ماہرین کا کورونا وائرس کی تشخیصی کٹ تیار کرنےکا دعویٰ

 دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 73 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے،فوٹو:فائل

پنجاب یونیورسٹی کے ماہرین نےکوروناوائرس کی تشخیص کے لیے کِٹ تیارکرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پنجاب یونیورسٹی کے سینٹر آف ایکسیلنس مائیکرو بیالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس کا کہنا ہے کہ ان کی سربراہی میں ٹیم نےکوروناوائرس کی تشخیصی کٹ تیارکی ہے۔

 ڈاکٹر محمد ادریس کے مطابق اس کٹ کی تیاری پر صرف 5 ڈالر یعنی 795 روپے خرچ آیاہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 73 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد6 ہزار 668 ہوچکی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 136 ہوگئی ہے جن میں سے سندھ سے 103، خیبر پختونخوا میں 15، بلوچستان میں 10، اسلام آباد میں 4، گلگت بلتستان میں 3 اور لاہور میں کورونا کا ایک مریض ہے۔

کورونا وائرس سے متاثرہ دو مریض جن کا تعلق کراچی سے تھا صحتیاب ہوکر گھر جاچکے ہیں۔

یاد رہے کہ چین نے گذشتہ دنوں کورونا وائرس کی 12 ہزار تشخیصی کِٹس پاکستان بھجوائی تھیں جب کہ سندھ حکومت بھی ایک نجی اسپتال کے تعاون سے کورونا وائرس کے لیے 10 ہزار ٹیسٹنگ کٹس منگوا چکی ہے۔

دنیا بھر کے سائنسدان کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کی سر توڑ کوشش کررہے ہیں  جب کہ آسٹریلوی اور اسرائیلی ماہرین کے مطابق وہ اس کی ویکسین تیار کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

مزید خبریں :