Time 16 مارچ ، 2020
پاکستان

جیو نیوز کی بندش اور آخری نمبروں پر دھکیلنے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ درخواست پر کل سماعت کریں گے— فوٹو: فائل

جیو نیوز کی کیبل پر بندش اور آخری نمبروں پر دھکیلنے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ درخواست پر کل سماعت کریں گے۔ درخواست میں جیونیوز کو میر شکیل الرحمان کی گرفتاری سے پہلے کے نمبر پر بحال کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ میڈیا کو کنٹرول کرنے کی موجودہ کارروائی کو آئین کے منافی قرار دیا جائے اور پٹیشن کے فیصلے تک جیوٹی وی چیلنز کی پوزیشن کو تبدیل یا ڈسٹرب کرنے سے روکا جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں جنگ اور جیو نیوز کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے لاہور آفس میں پیشی کے دوران گرفتار کرلیا تھا۔

ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کو نیب نے پرائیوٹ پراپرٹی کیس میں گرفتار کیا۔

13 مارچ کو لاہور کی احتساب عدالت نے جنگ اور جیو نیوز کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کو 12 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا ہے۔

جنگ گروپ کے ترجمان کا ردعمل

جنگ گروپ کیخلاف تمام الزامات چاہے وہ 34 سال پرانے ہوں یا تازہ، سب قانونِ عدالت کے سامنے چاہے وہ برطانیہ کی ہو یا پاکستان کی، جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں۔

جنگ گروپ پر بیرونِ ممالک سے فنڈز لینے، سیاسی سرپرستوں سے فنڈز لینے، غداری، توہین مذہب اور ٹیکس وغیرہ سے متعلق تمام الزامات جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں۔

جنگ گروپ کے اخبارات، چینلز کو بند کیا گیا، رپورٹرز، ایڈیٹرز اور اینکرز کو مارا گیا، قتل کیا گیا، پابندی عائد کی گئی، بائیکاٹ کیا گیا لیکن ہم آج بھی عزم کے ساتھ کھڑے ہیں اور سچ کی تلاش کی ہماری کوشش جاری رہے گی۔

نیب کو شکایت کرنے والا شخص جعلی ڈگری بنانے والی کمپنی کیلئے کام کرتا ہے اور اس کمپنی کی ایک میڈیا کمپنی بھی ہے جوکہ بین الاقوامی طور پر بارہا بے نقابل ہوچکی ہیں۔

جنگ گروپ اس شکایت کنندہ کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ جیت چکا ہے اور یہ شخص متعدد دیگر فوجداری اور ہتک عزت کے کیسز میں قانونی چارہ جوئی بھگت رہا ہے۔ انشاء اللہ ہم ان تمام کیسز میں بھی سرخرو ہوں گے۔

مزید خبریں :