16 مارچ ، 2020
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اب تک کورونا وائرس کے 26 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد شہریوں نے اپنی سرگرمیاں محدود کردی ہیں۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز شہر میں صبح کے وقت سڑکوں پر ٹریفک میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی اور مسافر بسیں خالی اور آن لائن بس سروس میں بھی مسافروں کی تعداد خاصی کم رہی۔
ٹریفک پولیس اہلکاروں کے مطابق شہر میں ٹریفک معمول سے 60 فیصد تک کم رہا۔
دوسری جانب سی این جی ایسوسی ایشن کے مطابق پیٹرول، ڈیزل اور سی این جی کی فروخت 50 فیصد تک گرگئی ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں مسلسل کمی ہورہی ہے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 136 ہوگئی ہے جن میں سے سندھ میں 104، خیبرپختونخوا میں 15، بلوچستان میں 10، اسلام آباد 4، گلگت بلتستان میں 3 اور پنجاب میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ تفتان سے سکھر آنے والے اب تک 76 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ 26 کیسز کراچی اور ایک کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔