16 مارچ ، 2020
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے عوام کو تنبیہ کی ہے کہ دیر تک ہوٹلنگ اور گھومنا پھرنا جاری رہا تو ہوٹلز اور ریسٹورینٹس مکمل طور پر بندکر دوں گا۔
ترجمان وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے ریسٹورینٹس اور چائے خانوں کو رات 9 بجے بندکرنے پر غور شروع کردیا ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس کو مختلف اسٹورز پر چھاپے مارنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹائزر، ڈیٹول اور ٹشو پیپرز مہنگے بیچنے والوں کو گرفتار کیا جائے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کریانہ کی دکانیں بند نہیں کرائی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب میں بالکل عدم برداشت کی پالیسی پر جارہا ہوں، دیر تک ہوٹلنگ اور گھومنا پھرنا جاری رہا تو ہوٹلز اور ریسٹورینٹس مکمل بندکر دوں گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بھی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ ہم نے احتیاطی تدابیر کے طور پر کراچی میں اسکول بند کیے تو سی ویو بھر گیا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ بیماری سے محفوظ رہیں۔
یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 136 ہوگئی ہے جن میں سے سندھ میں 104، خیبرپختونخوا میں 15، بلوچستان میں 10، اسلام آباد 4، گلگت بلتستان میں 3 اور پنجاب میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ تفتان سے سکھر آنے والے اب تک 76 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ 26 کیسز کراچی اور ایک کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔