Time 16 مارچ ، 2020
دنیا

یو اے ای کی تمام عبادت گاہوں میں عبادات 4 ہفتوں کیلئے معطل

 اذان کے بعد 2 مرتبہ گھر میں ہی نماز پڑھنے کا اعلان کیا جائے گا، فوٹو: فائل

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر تمام عبادت گاہوں میں 4 ہفتوں کے لیے عبادات کو معطل کردیا گیا ہے۔

خلیجی اخبار کے مطابق یو اے ای کے محکمہ اوقاف و اسلامی امور اور نیشنل ایمرجنسی برائے کرائسس اینڈ ڈیزاسٹرز منیجمنٹ اتھارٹی کے فیصلے کے مطابق آج سے 4 ہفتوں کے لیے تمام عبادت گاہیں بند رہیں گی۔

حکام کے مطابق یہ فیصلہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔

فیصلے کے مطابق  ریاست کی تمام مساجد، کلیسا اور مندروں میں عبادات معطل رہیں گی۔

یو اے ای کے محکمہ اوقاف و اسلامی امور  کے مطابق مساجد میں پانچوں وقت کی  نمازیں بشمول جمعے کی نماز نہیں ہوگی اور اذان کے وقت بھی مساجد کے دروازے بند رہیں گے جب کہ اذان کے بعد 2 مرتبہ گھر میں ہی نماز پڑھنے  کا اعلان کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں  98 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

یو اے ای نے کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر نئے ویزوں کا اجراء بھی عارضی طور پرروک دیا ہے۔

حکام کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر لبنان، ترکی، شام اور عراق سے آنے والی پروازوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے جب کہ  تمام اسکول اور تعلیمی ادارے پہلے ہی 4 ہفتوں کے لیے بند کیے جاچکے ہیں۔

مزید خبریں :