’وزیراعظم نے جھوٹ بولا، ان کے پاس کورونا سے مقابلے کیلئے اہلیت و صلاحیت نہیں‘

وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام تک لینا گوارا نہ کیا، جنہوں نے محنت کر کے سب سے پہلےکورونا کا مقابلہ کیا: ترجمان مسلم لیگ ن—فوٹو فائل

اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن)  کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں صرف جھوٹ بولا ہے کیونکہ ان کے پاس کورونا سے مقابلے کے لیے اہلیت اور صلاحیت نہیں ہے۔

گزشتہ شب وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے متعلق اقدامات پر قوم سے خطاب کیا جس میں ان کا کہنا  تھا کہ کورونا وائرس کو پھیلنا ہے، عوام احتیاط کریں، آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔ 

اس حوالے سے ترجمان ‎مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا کہ  ‎عمران صاحب نے ہمیشہ کی طرح قوم سے خطاب میں جھوٹ،جھوٹ اور صرف جھوٹ بولا، عمران صاحب کا قوم کو پیغام ”گھبرانا نہیں ہے" اس لیے ہے کہ کیونکہ حکومت کی کوئی تیاری نہیں ہے۔

لیگی ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم نے کچھ نہیں بتایاکہ کورونا سے نمٹنے کے لیے کتنا فنڈ مختص کیا ہے، حکومت کی کیا تیاری ہے؟  خطاب نے ثابت کر دیا کہ کورونا سے مقابلے کے لیے آپ کے پاس واقعی کوئی اہلیت اور  صلاحیت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی جانوں سے کھیلا جا رہا ہے، کسی اسپتال میں ٹیسٹنگ کی کوئی سہولت دستیاب نہیں، مریض بھی دہائیاں دے رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ‎ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام تک لینا گوارا نہ کیا، جنہوں نے محنت کر کے سب سے پہلےکورونا کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے مزید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‎عمران صاحب قوم کو بتاتےکہ جہانگیر ترین، خسروبختیار نے جو ذخیرہ اندوزی کی ان کے خلاف کیا ایکشن لیا گیا؟

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم  نے 18ماہ سے عوام کو صرف گھبرانا نہیں، گھبرانانہیں کا درس دے کر کاروبار، روٹی، روزگار، آٹا، چینی چھین لی۔ 

مزید خبریں :