Time 18 مارچ ، 2020
دنیا

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 8 ہزار ، مریضوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز

چین سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 900 ہوگئی— فوٹو:فائل 

مہلک کورونا وائرس چین کے علاوہ دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہا اور اب تک 170 ممالک میں پنجے گاڑ چکا ہے۔

چین سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 900 ہوگئی ہے جبکہ مجموعی ہلاکتیں 8 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں۔

چین

چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے مہلک وائرس پر چین نے کنٹرول کرلیا ہے اور اب متاثرہ صوبے ہوبئی میں مریضوں کی تعداد میں واضح کمی آگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چین میں کورونا وائرس سے مزید 11 ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 3237 ہوگئی ہے۔

مہلک وائرس کے 13 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے ساتھ ہی چین میں متاثرہ افراد کی تعداد 80894 تک جا پہنچی ہے جبکہ چین میں زیر علاج مریضوں کی تعداد بھی گھٹتی جارہی ہے اور اِس وقت کورونا وائرس کے صرف 8 ہزار 43 مریض زیر علاج ہیں اور تقریباً 70 ہزار افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

اٹلی

یورپی ملک اٹلی، چین کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جس کے باعث کروڑوں کی آبادی کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

اٹلی میں ایک ہی روز میں کورونا وائرس سے 475 افراد ہلاک ہوگئے جوکہ اب تک کسی بھی ملک میں کورونا سے ایک ہی روز میں سب سے زیادہ ہلاکت ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 2978 ہوگئی ہے، اٹلی میں آج کورونا کے 4207 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے جس کے بعد اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 35 ہزار 713 تک پہنچ گئی۔

ایران

چین اور اٹلی کے بعد ایران میں کورونا وائرس نے تیزی سے پنچے گاڑے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 147 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں جس کے ساتھ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 1135 ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1192 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 17361 ہوگئی ہے۔

ایران میں اِس وقت زیرعلاج مریضوں کی تعداد 10837 ہے جبکہ 5 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

اسپین

یورپی ملک اسپین بھی کورونا وائرس سے شدید متاثر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 90 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 623 تک جاپہنچی ہے۔

اسپین میں ایک روز میں 2 ہزار سے زائد افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد تقریباً 14 ہزار ہوگئی ہے۔

فرانس

یورپی ملک فرانس میں بھی کورونا وائرس سے اب تک 175 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 7 ہزار سے زائد ہے۔

امریکا

امریکا میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس کی تمام ریاستوں میں مہلک وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 7 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد 116 ہوگئی ہے۔

امریکا میں مزید 928 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 7339 ہوگئی ہے۔

پاکستان

سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں مزید کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 297 ہو گئی ہے جبکہ پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت گلگت بلتستان میں ہوئی ہے۔

مہلک کورونا وائرس سے گلگت بلتستان میں پہلی موت کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے تصدیق کی ہے کہ کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے مریض کی عمر 90سال تھی اور انتقال کرنےوالےشخص کا تعلق چلاس سے تھا۔

انہوں نے بتایا کہ انتقال کرجانے والا شخص 4دن سے سی ایم ایچ گلگت میں زیر علاج تھا، اور اس کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں تھی۔ 

مزید خبریں :