ضروری ہے کہ ہم اپنے ایمان کے ساتھ صحت کو بھی بچائیں، مولانا طارق جمیل

معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ اس وقت ہم ایک عالمی وبا کے زیرِ اثر ہیں،  ہمیں اللہ کا سہارا پکڑ کر اس خوف کی فضا سے نکلنا چاہئیے۔

مولانا طارق جمیل نے کورونا وائرس کے حوالے سے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ موجودہ صورت حال میں ہمیں ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہئیے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمیں اللہ کا سہارا پکڑ کر اس خوف کی فضا سے نکلنا چاہئیے اور اللہ پر یقین رکھنا چاہیئے کہ سب کچھ اللہ کی طرف سے ہوتا ہے۔

مولانا طارق جمیل نے عوام پر زور دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر کے لیے حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں، علما کے احکامات کے مطابق نمازیں مختصر پڑھیں اور وضو گھر سے کر کے نکلیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام صدقہ دیں اور جتنی حیثیت ہے اس کے مطابق  صدقہ دیا جائے کیونکہ یہ فرمان نبوی ﷺ ہے، ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے ایمان کو بھی بچائیں اور اپنی صحت کو بھی بچائیں۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل مولانا طارق جمیل نے وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں پھیلی وبا کورونا وائرس سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی تھی۔

 اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے مولانا طارق جمیل سے کورونا وائرس کے باعث مذہبی امور محدود کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے مولانا طارق جمیل سے کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ کورونا وائرس کے مزید 67 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 304 ہو گئی ہے۔

مزید خبریں :