دنیا
Time 19 مارچ ، 2020

کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں اٹلی نے چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں کورونا وائرس سے مزید 427 افراد ہلاک ہوئے ہیں،فوٹو:سوشل میڈیا

اٹلی میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتیں چین سے بھی زیادہ ہوگئی ہیں۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں کورونا وائرس سے مزید 427 افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد کُل ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 405 ہوگئی ہے جب کہ چین میں کورونا سے اب تک 3 ہزار 245 اموات ہوئی ہیں۔

اٹلی کیلیے تشویش ناک بات یہ ہے کہ وہاں کیسز مسلسل بڑھ رہے ہیں جبکہ چین میں تعداد مسلسل کم ہورہی ہے۔

اٹلی میں جمعرات کو کورونا کے مزید 5 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد وہاں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 41 ہزار 35 ہوگئی ہے جب کہ چین میں اٹلی سے دگنی تعداد میں 80 ہزار 928 مریض رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔

گذشتہ روز اٹلی میں ایک ہی روز میں کورونا وائرس سے 475 افراد ہلاک ہوئے تھے جوکہ اب تک کسی بھی ملک میں کورونا سے ایک ہی روز میں سب سے زیادہ ہلاکتوں کی تعداد ہے۔

اطالوی حکام نے عوام سے پرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہوئے ضروری ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔

خیال رہے کہ اٹلی میں اس وقت لاک ڈاؤن جاری ہے اور ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے ملک بھر میں کسی بھی قسم کے اجتماع اور غیر ضروری طور پر گھر سے نکلنے کی بھی اجازت نہیں ہے جس کے باعث کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تجہیز و تدفین میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

کوروناکو روکا نہیں گیا تو لاکھوں افراد ہلاک ہوسکتے ہیں،اقوام متحدہ

وبا سے سب سے زیادہ غریب اور ترقی پذیر ممالک کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے،انتونیو گوتریس،فوٹو:فائل

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو نہیں پایا گیا تو اس سے دنیا بھر میں لاکھوں افراد ہلاک ہوسکتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ اگر کورونا وائرس کو جنگل کی آگ کی طرح پھیلنے سے نہ روکا گیا تو اس سے اندازوں سے زیادہ نقصان ہونے کا اندیشہ ہے جب کہ اس وبا سے سب سے زیادہ غریب اور ترقی پذیر ممالک کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ امیر ممالک خاص طور پر جی 20 ممالک سے اپیل ہے کہ وہ افریقی ممالک سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک کو موجودہ صورت حال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 39 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 9 ہزار 953 ہوچکی ہے۔

موجودہ صورت حال میں یورپی ممالک اس وبا سے زیادہ متاثر ہیں تاہم ترقی پذیر ممالک میں بھی کورونا کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور ان ممالک میں طبی سہولیات کی کمی کے باعث خدشہ ہے وہاں صورت حال مزید خراب ہوسکتی ہے۔

مزید خبریں :