نیٹ فلکس بھی کورونا وائرس کی زد میں آگیا

فوٹو: فائل 

کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تمام تر نظام کو متاثر کردیا ہے جب کہ وائرس نے جہاں معیشت کو تباہ کیا ہے وہیں اس کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

کورونا وائرس کی وجہ سے مقبول ترین آن لائن اسٹریمنگ سائٹ نیٹ فلکس نے بھی اہم فیصلہ کیا ہے۔

معروف اسٹریمنگ سائٹ نیٹ فلکس نے ہائی ڈیفینیشن ویڈیوز کے معیار کو کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس سے انٹرنیٹ پر پڑنے والا بوجھ کم کیا جاسکے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیٹ فلکس نے یورپ میں 30 دن کے لیے اسٹریمنگ کے معیار کو کم کردیا ہے،  یہ فیصلہ کورونا وائرس کے باعث انٹرنیٹ پر دباؤ میں کمی کرکے صارفین کے لیے نیٹ فلکس کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے سب سے زیادہ یورپ متاثر ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد نے چین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اٹلی میں اس وقت لاک ڈاؤن جاری ہے اور ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے ملک بھر میں کسی بھی قسم کے اجتماع اور غیر ضروری طور پر گھر سے نکلنے کی بھی اجازت نہیں ہے جس کے باعث کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تجہیز و تدفین میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

کورونا وائرس نے اب پوری دنیا کو لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس سے اب تک 10 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں جب کہ دنیا بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

مزید خبریں :