21 مارچ ، 2020
کراچی: سندھ انسٹیٹوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی مفت سہولت دستیاب ہے۔
ترجمان ایس آئی یو ٹی کے مطابق یہ سہولت 24 گھنٹے مفت فراہم کی جارہی ہے جب کہ اسپتال میں آئسولیشن وارڈ اور اسکریننگ کی سہولیات بھی موجود ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے ایس آئی یو ٹی کو کٹس بدھ کے روز روز فراہم کی گئی ہیں۔
ترجمان نے بتایا ایس آئی یو ٹی میں 8 ایسے مشتبہ افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ کیے گئے جن میں وائرس کی علامات تھیں تاہم ان کے ٹیسٹ نتائج آنا باقی ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایاکہ مشتبہ افراد میں سے 2 مریض آسٹریلیا اور سنگاپور سے آئے ہوئے ہیں جب کہ باقی 6 مریضوں نے کوئی سفر نہیں کیا۔
سندھ میں متاثرین کی تعداد
ترجمان سندھ حکومت کے مطابق تفتان میں موجود زائرین میں سے مزید 15 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وائرس میں مبتلا زائرین کی تعداد 166 ہوگئی اور کراچی میں مجموعی طور پر 101کیسز ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ سندھ بھر میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 267 ہوگئی ہے جن میں سے تین مریض صحت یاب ہوئے جب کہ 264 کا علاج جاری ہے۔
گزشتہ روز کراچی میں وائرس سے ایک شخص کی ہلاکت ہوئی جو پاکستان میں تیسری ہلاکت ہے۔