Time 21 مارچ ، 2020
انٹرٹینمنٹ

عمران خان سے ملک میں کرفیو لگانے کی اپیل

فوٹو: فائل

پاکستان میں کورونا وائرس کےکیسز میں روز بروز اضافےکے پیشِ نظر اداکار اور میزبان فخرِ عالم نے وزیراعظم عمران خان سے ملک میں 2 ہفتے کے لیے لاک ڈاؤن کرنے کی اپیل کردی۔

فخر عالم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر وزیراعظم عمران خان کے نام ویڈیو پیغام میں کہا کہ "عمران بھائی جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ آپ کے دل میں انسانیت اور انسانوں اور غریبوں کے لیے کیا جگہ ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے آپ ایک نیک انسان ہیں، اور میں یہ بھی جانتا ہوں کہ اس وقت آپ کی حکومت کو سب سے بڑا چیلنج ہے۔

فخر عالم نے مزید لکھا کہ  'ایک پاکستانی ہونے کی حیثیت سے میری آپ سے ایک درخواست ہے میں غلط بھی ہوسکتا ہوں، ایک طرف سرکار یہ کہہ رہی ہے لوگ گھر میں رہیں، دفتر نہ جائیں، سماجی دوری اختیار کریں، اور آپ نے بھی لوگوں سے یہ ہی اپیل کیاور اس کے نتیجے میں غریب طبقہ پہلے ہی متاثر ہے۔'

انہوں نے کہا کہ حکومت نے آدھی پالیسی بنائی ہے کہ غریب طبقہ روزی کمانے کے لیے باہر نکل سکتا ہے لیکن باقی لوگ نہیں نکل سکتے ہیں، عمران خان میری آپ سے گزارش ہے کہ آدھی آدھی پالیسی رکھنے کے بجائے ایک پالیسی بنائیں۔

فخر عالم نے عمران خان کو دو ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ان دو ہفتوں میں شہروں کے مختلف علاقوں میں راشن باٹنا شروع کردیں۔

اپنی ویڈیو میں فخر عالم کا مزید کہنا تھا کہ سماجی کارکنان کو دستانے وار ماسک فراہم کیے جائیں تاکہ وہ راشن کو ضرورت مندوں کے گھر منتقل کرسکیں، اس کے علاوہ والدین کو جو اس وقت اسکولوں کی فیسیں ادا کرنی پڑ رہی ہیں وہ بھی معاف کی جائیں کیونکہ کوئی بھی اس وقت کام پر نہیں جا رہا ہے۔

 فخر عالم نے کہا کہ پاکستانیوں کو اگر چھٹیاں مل جائیں تو وہ پکنک پر نکل جاتے ہیں، اس لیے عمران خان ملک میں کرفیو لگائیں تاکہ جانی نقصان سے بچا جاسکے۔

کورونا کی صورتحال 

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 5  سے تجاوز کر چکی ہے۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 76 ہزار 113 ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :