22 مارچ ، 2020
کورونا وائرس دنیا کے 188 ممالک تک پھیل گیا ہے اور اسے روکنے کے لیے کئی ممالک اور ریاستوں میں لاک ڈاؤن ہے جب کہ اسکولز اور دیگر تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔
اس صورتحال میں اسکول جانے والے بچوں کی پڑھائی بے حد متاثر ہو رہی ہے اور اسی کو دیکھتے ہوئے ایمازون کی زیرِ ملکیت ویب سائٹ آڈیبل نے اعلان کیا ہے کہ وہ قرنطینہ کی صورتحال میں بچوں اور نوجوانوں کے لیے مفت آڈیو کتابوں فراہم کر رہے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس وقت تک مفت کتابوں کی سروس جاری رہے گی جب تک کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کی صورتحال بہتر نہیں ہوجاتی۔
کمپنی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ 'اب دنیا بھر میں بچے مختلف عنوانات پر چھ زبانوں میں مفت کتابیں پڑھ سکتے ہیں، یہ کتابیں بچوں کی سیکھنے کی صلاحیت کو بہتر کرنے میں مدد فراہم کریں گی'۔
آڈیبل کی جانب سے پیش کی جانے والی مفت کتابیں انگریزی، ہسپانوی، فرنچ، اطالوی، جرمن اور جاپانی زبان میں میسر ہوگی۔
خیال رہے کہ آڈیبل آڈیو کتابیں فروخت کرنے والی معروف کمپنی ہے جس میں کتابیں، رسالے اور اخبارات کےآڈیو ورژن فروخت کیے جاتے ہیں۔