Time 22 مارچ ، 2020
پاکستان

بجلی اور گیس کمپنیاں اس ماہ عوام سے بل وصول نہ کریں: وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت

فوٹو: فائل

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں اور سوئی سدرن گیس کمپنی کو بِلوں میں رعایت کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ جن لوگوں کا بجلی کا بل 5 ہزار روپےتک ہے ان سے اس ماہ بل نہ لیاجائے اور اسے اگلے 10 ماہ میں قسطوں کی صورت میں وصول کیا جائے۔

مراد علی شاہ نے سوئی سدرن کو ہدایت  کی ہے کہا کہ جن کا سوئی گیس کا بل 2 ہزار تک  ہے ان سے بھی بل بھی اس ماہ نہ لیا جائے، یہ 2 ہزار تک کا بل اگلے 10 ماہ میں قسطوں میں لیا جائے۔

وزیراعلی سندھ نے سوئی سدرن اور بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں کو اگلے دو ماہ میں بجلی اورگیس کا کوئی بھی کنیکشن نہ کاٹنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

علاوہ ازیں مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ گھروں اور چھوٹی دکانوں کے مالکان بھی لوگوں کوکرائے میں رعایت دیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے 644 کیسز میں سے سب سے زیادہ 292 سندھ سے سامنے آئے ہیں جب کہ ملک میں جاں بحق ہونے والے 4 افراد میں سے ایک کا تعلق کراچی سے ہے۔

گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی کہا تھا کہ ہمیں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ہر صورت لاک ڈاؤن کی جانب جانا ہو گا۔

مزید خبریں :