شہباز شریف کی وطن واپسی کیلیے بڑی محنت ہوئی: فواد چوہدری

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی وطن واپسی کے لیے بڑی محنت ہوئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف 3 ماہ لندن میں قیام کے بعد آج صبح اسلام آباد پہنچے تھے جہاں ائیرپورٹ پر ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب اور ممبر قومی اسمبلی عطا تارڑ نے ان کا استقبال کیا تھا۔

شہباز شریف کی وطن واپسی پر تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ شہبازشریف کی فلائٹ کو آنے دینا خوش آئند ہے، شہبازشریف لیڈرآف اپوزیشن ہیں، ان کی واپسی کیلئےبڑی محنت ہوئی ہے، پارٹی پر شہبازشریف کے دوستوں کا قبضہ ہوہی گیا تھا۔

فواد چوہدری نے مزید کہا امید ہے باقی شریف فیملی بھی شہباز شریف کی طرح واپس آئے گی، جو پیسےان کی طرف بنتے ہیں اس کا پلی بارگین کریں اور بےشک لندن میں رہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں وزیراعظم سے اپیل کی تھی کہ شہباز شریف کو پاکستان پہنچنے کے بعد 14 روز کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے۔

مزید خبریں :