23 مارچ ، 2020
کراچی میں بجلی کی تقسیم کار نجی کمپنی کے الیکٹرک نے کورونا وائرس کے باعث شہر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے بل معاف کرنے اور 10 ماہ کی اقساط کرنے سے انکار کردیا۔
خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا وائرس کے روک تھام کے لیے آج سے لگائے گئے لاک ڈاؤن کے پیش نظر بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں اور سوئی سدرن گیس کمپنی کو بِلوں میں رعایت کرنے کی ہدایت کی تھی۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کا بجلی کا بل 5 ہزار روپے تک ہے، ان سے اس ماہ بل نہ لیاجائے اور اسے اگلے 10 ماہ میں قسطوں کی صورت میں وصول کیا جائے۔
مراد علی شاہ نے سوئی سدرن اور بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں کو اگلے دو ماہ میں بجلی اورگیس کا کوئی بھی کنکشن نہ کاٹنے کی بھی ہدایت کی تھی۔
تاہم کے الیکٹرک نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت ماننے سے انکار کردیا ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ 4 ہزار روپے سے کم کے بلوں کی ادائیگی کی تاریخ بڑھادی گئی ہے اور صارفین 10 اپریل تک اپنے بل جمع کراسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کل کیسز کی تعداد 796 ہوگئی ہے جب کہ 5 افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔
سب سے زیادہ کیسز 352 سندھ میں آئے ہیں جس کے بعد صوبائی حکومت نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے آج سے 15 روز کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔