صحافی اور ہاکرز لاک ڈاؤن کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے

فوٹو: فائل

کراچی: محکمہ اطلاعات سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کے صحافی لاک ڈاؤن کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

محکمہ اطلاعات سندھ کے جاری اعلامیے کے مطابق تمام اخباری ہاکرز  بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے جب کہ میڈیا کے افراد اپنا آفس کارڈ اور قومی شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں۔

دوسری جانب اعلامیے کے مطابق کیبل آپریٹرز کو بھی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہو گا لیکن شناختی کاغذات کے بغیر کسی کو باہر آنے اجازت نہیں ہو گی۔

خیال رہےکہ سندھ حکومت نے 22 مارچ کی رات 12 بجے سے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کر دیا ہے جس کے تحت کسی بھی شہری کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے، کسی بھی کام سے نکلنے کی صورت میں شہریوں کو شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا جس کا اندراج سیکیورٹی اہلکار کریں گے کہ آیا مذکورہ شہری کتنے دن میں، کتنی مرتبہ اور کس کام سے گھر سے باہر نکلا۔ 

پاکستان میں کورونا کی صورتحال 

ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 799 ہوگئی ہے، اتوار کو ملک میں کورونا وائرس کے 166 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے پنجاب میں86، سندھ میں 60، گلگت بلتستان میں 16 اور بلوچستان میں 4 نئے کیس سامنے آئے جب کہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے۔

مزید خبریں :