کراچی: کھانے کی ہوم ڈیلیوری پر پابندی، 10 لیٹر تک پیٹرول ڈلوانے کی اجازت

کراچی: کمشنر کراچی نے کھانے کی ہوم ڈیلیوری اور پارسل پر بھی پابندی عائد کردی جب کہ کسی گاڑی میں 10 لیٹر سے زائد پیٹرول ڈلوانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

کمشنر کراچی کا کہنا ہےکہ کریانہ اسٹورز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی،  دکاندار سندھ حکومت کی مقررہ پرائس لسٹ کے مطابق اشیاء خردو نوش فروخت کریں۔

کمشنر کراچی کے مطابق کھانے کی ہوم ڈیلیوری اورپارسل پربھی پابندی عائد کردی گئی جب کہ تمام ریسٹورنٹس کےکچن بھی بند رہیں گے، گھر کے صرف ایک فرد کو سودا سلف خریدنے کی اجازت ہوگی۔

آن لائن ٹرانسپورٹ بھی بند، 10 لیٹر سے زائد پیٹرول لینے کی اجازت نہیں ہوگی

کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کہا کہ  بسیں، آن لائن ٹیکسی سروسز، بس سروس اور رکشے وغیرہ کو شاہراہوں پر گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی،فارم ہاؤسز اور گھروں میں تقریبات پر پابندی ہوگی جب کہ پیٹرول پمپس پر کسی گاڑی میں 10 لیٹر سے زیادہ پیٹرول نہیں ڈالا جائے گا۔

میڈیا اور لازمی سروسز والے پابندی سے مستثنیٰ

دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹی فکیشن کے مطابق اشیائے خورونوش کی خریداری کے لیے شناختی کارڈ رکھنا لازمی ہوگا اور  میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے جب کہ لازمی سروسز والے افراد کو پابندیوں میں نرمی ہوگی۔

واضح رہےکہ سندھ حکومت نے 22 مارچ کی رات 12 بجے سے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کردیا ہے جس کے تحت کسی بھی شہری کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، کسی بھی کام سے نکلنے کی صورت میں شہری کو شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا جس کا اندراج سیکیورٹی اہلکار کریں گے کہ آیا مذکورہ شہری کتنے دن میں، کتنی مرتبہ اور کس کام سے گھر سے باہر نکلا۔ مزید پڑھیں۔۔

مزید خبریں :