23 مارچ ، 2020
سندھ بھر میں لاک ڈاؤن کے باعث کراچی کینٹ اسٹیشن پر اندرون ملک جانے والوں کا رش لگ گیا، لوگوں نے کورونا وائرس کے خلاف حفاظتی اقدامات بھی ہوا میں اڑا دیے۔
خیال رہے کہ سندھ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے 22 مارچ کی رات 12 بجے سے 15 روز کے لیے صوبے میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔
اس سے قبل سندھ حکومت کی جانب سے انٹر سٹی بسیں پہلی ہی بند کی جاچکی ہیں۔
لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد کینٹ اسٹیشن کراچی پر اندرون ملک جانے والے مسافروں کا رش لگ گیا۔
اس دوران شہریوں نے حفاظتی اقدامات سے بے پروا ہو کر بغیرلائنوں میں لگ کر ٹکٹیں لیں اور اس دوران بڑی تعداد میں لوگ بغیر ماسک کے نظر آئے۔
دوسری جانب لاک ڈاؤن کے باعث سندھ کے ائیرپورٹس بھی مقامی پروازوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری نوٹم کے مطابق جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی اور سکھر ائیر پورٹ مقامی پروازوں کے لیے بند رہیں گے، دونوں ائیرپورٹس 24 مارچ کی صبح 6 بجے سے پروازوں کےلیے مکمل بند ہو جائیں گے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے بعد ریلوے کی جانب سے ملک کے مختلف 17 روٹس پر 34 ٹرینیں بند کی جاچکی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 6 ہوگئی ہے جب کہ مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 875 تک جا پہنچی ہے۔