24 مارچ ، 2020
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کے فیصلے پر سندھ حکومت سے تعاون کریں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کورونا وائرس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسی بھی حکومت کی اہم ذمہ داری اپنے عوام کی صحت اور زندگی کا تحفظ ہے، اسی لیے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور عوام کے تحفظ کے لیے سندھ حکومت نے سخت فیصلے لیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا کوئی علاج ہے اور نہ ہی کوئی ویکسین ہے، ایسے میں اپیل کرتا ہوں کہ لاک ڈاؤن کے فیصلے پر سندھ حکومت سے تعاون کریں، اگرلاک ڈاؤن کے دوران آپ بیمار ہوجاتے ہیں توسندھ حکومت سے رابطہ کریں تاکہ آپ کا ٹیسٹ کرایا جاسکے۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ جانتا ہوں لاک ڈاؤن کے دوران بہت سے لوگ پریشان ہوں گے کہ وہ کیسے گزارہ کریں گے لیکن اس دوران راشن کی ضرورت ہے تو سندھ حکومت کوشش کرے گی کہ آپ کو راشن پہنچائے۔
بلاول بھٹو نے مخیر حضرات سے درخواست کی کہ وہ غریبوں کا خیال رکھیں، سندھ حکومت کا ساتھ دیں تاکہ غریبوں کا خیال کیا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جانتا ہوں نوکری پیشہ طبقے کو خدشہ ہوگا کہ کہیں وہ لاک ڈاؤن کے دوران بیروزگار نہ ہوجائیں، یہی وجہ ہے کہ سندھ حکومت نےنوٹیفکیشن نکالا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران کوئی کسی کو بیروزگار نہیں کرسکتا اور اس دورانیے میں ملازمین کوپوری تنخواہیں بھی دی جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ جہاں نوکری کرتے ہیں وہ سندھ حکومت کےفیصلے کو نہیں مان رہے تو آپ حکومت سے رابطہ کریں، اگر ملازمین کو نہیں نکالا جائے گا، تنخواہیں دی جائیں گی توسندھ حکومت بعد میں تعاون کرے گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت ایسے اقدامات بھی کررہی ہے کہ وہ عوام کو ریلیف بھی پہنچا سکے لہٰذا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وفاقی حکومت اس وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے ہماری مدد کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ جانتا ہوں کہ اگر ہم سب ایک ہوجائیں تو کورونا وائرس کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے لیکن اگر آپ 14 دن کے لیے گھروں میں نہ رہ کر ہمارے ساتھ تعاون نہیں کرتے ہو تو ساری محنت ضائع ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں اپیل کرتا ہوں کہ آپ سندھ حکومت سے تعاون کریں، گھر پر رہیں، اور زندگی کا تحفظ کریں۔
لاک ڈاؤن کا دوسرا روز
واضح رہے کہ حکومت سندھ کے احکامات پر وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کراچی سمیت سندھ کے تمام شہروں میں لاک ڈاؤن ہے جس کا آج دوسرا روز ہے۔
لاک ڈاؤن کے باجود متعدد افراد اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔