Time 24 مارچ ، 2020
پاکستان

لاک ڈاؤن سے کراچی اور لاہور کی فضائی آلودگی میں واضح کمی

ائیر کوالٹی انڈیکس میں کراچی لاک ڈاؤن کے دوسرے ہی روز 42 ویں نمبر پر پہنچ گیا، گزشتہ روز کراچی کا نمبر دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں 27 واں تھا— فوٹو: فائل

کراچی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاک ڈاؤن کا آج دوسرا روز ہے اور سڑکوں پر ٹریفک کم ہونے کی وجہ سے شہر کی فضا مزید بہتر ہوگئی ہے۔

ائیر کوالٹی انڈیکس میں کراچی دوسرے ہی روز 42 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔ گزشتہ روز کراچی کا نمبر دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں 27 واں تھا۔

ماہر ماحولیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ بند اور محدود صنعتی سرگرمیاں فضائی آلودگی میں کمی کی بڑی وجہ ہے۔

کراچی میں نومبر 2019 میں ائیر کوالٹی انتہائی غیر صحتمند تھی اور فضا میں آلودگی کی شرح 227 تھی تاہم اب کراچی کی ائیر کوالٹی کئی ماہ بعد معتدل کی سطح پر آگئی ہے۔

کراچی عام طور پر حساس لوگوں کیلئے غیرصحتمند کی سطح پر رہتا ہےاور کبھی کبھی ہر قسم کے لوگوں کیلئے بھی غیرصحتمند کی سطح پر چلا جاتا ہے۔

ماہر ماحولیات کے مطابق لاہور کی ائیر کوالٹی میں بھی زبردست بہتری نظر آرہی ہے اور لاہور دنیا بھر کے شہروں میں ائیر کوالٹی انڈیکس میں 50 ویں نمبر پر چلا گیا ہے جبکہ لاہور کی فضا میں آلودگی کی شرح صرف 53 فیصد ہے۔

اسلام آباد کی ائیر کوالٹی کراچی اور لاہور سے بہت بہتر ہے، اسلام آباد کی فضا میں آلودگی کی شرح صرف 43 فیصد ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے پاکستان میں اب تک 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 900 سے تجاوز کرچکی ہے۔ اس صورتحال میں سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلکت اور اسلام آ باد میں لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :