24 مارچ ، 2020
پاکستان کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب میں بھی کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آگئی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور کے میو اسپتال میں 57 سالہ افراسیاب نامی مریض کورونا وائرس سے انتقال کرگیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل خیبرپختونخوا، سندھ، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں بھی کورونا وائرس سے ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔
لاہور میں ہونے والی ہلاکت کے بعد مہلک وائرس نے اب تک ملک میں 7 جانیں نگل لی ہیں جن میں سے خیبرپختونخوا میں 3، سندھ، بلوچستان اور گلگت میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 267 ہے جبکہ ملک بھر میں مجموعی تعداد 958 تک پہنچ گئی ہے جس میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔