24 مارچ ، 2020
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے کیمپ جیل میں ایک قیدی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
جیل سپرنٹنڈنٹ اسد وڑائچ نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ قیدی گزشتہ ماہ اٹلی سے واپسی پر منشیات کیس میں پکڑاگیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ قیدی نے 18 مارچ کو بخار کی شکایت کی تھی جس پر اس کا ٹیسٹ کراکر جیل اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتوں نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر جیلوں میں قید معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کو رہا کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد بھی اڈیالہ جیل سے 230 قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی ہے جبکہ اب تک 267 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ملک بھر میں مجموعی طور پر مہلک وائرس سے اب تک 7 افراد جاں بحق اور 958 متاثرہ مریض ہیں۔