کورونا کے مسئلے پر نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیا جائے: اے پی سی کا مطالبہ

مسلم لیگ (ن) اور پی پی کی زیر صدارت ہونے والی اے پی سی میں حکومتی اتحادی جماعتوں نے بھی شرکت کی— فوٹو: سراج الحق آفیشل 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت بذریعہ ویڈیو لنک آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) ہوئی۔

اے پی سی میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے علاوہ جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام، عوامی نیشنل پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کےلیے متفقہ پالیسی بنانے کی ضرورت ہے، کورونا وائرس کا مسئلہ کسی ایک جماعت یا ایک صوبے کا نہیں، اس سے نمٹنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک نیشنل ایکشن پلان وفاقی حکومت کا اگلا قدم ہونا چاہیے مگر اس وقت وفاق گھبراہٹ کا شکار ہے، جبکہ اپوزیشن وفاق کا کردار نبھارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا وفاق کی ذمہ داری ہے اور اس مشکل وقت میں وفاق اپنی ذمہ داری نبھائے گا کیونکہ عمران خان صرف اسلام آباد کے نہیں پورے ملک کے وزیر اعظم ہیں۔

مزید تاخیرناقابل معافی جرم ہوگا، شہباز شریف

ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ پہلے ہی کافی غلطیاں اورتاخیر ہوچکی ہے، مزید تاخیرناقابل معافی جرم ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ آج ہمیں اپنی قومی تاریخ کے عظیم ترین چیلنج کا سامنا ہے، آج صحیح معنوں میں ہم حالت جنگ میں ہیں اور یہ تیسری عالمی جنگ ہے جس میں ایک طرف پوری دنیا ہے اور دوسری جانب انسانوں کی جان لینے والی کورونا کی عالمی وبا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا کہ اتحاد کےذریعے ہی اس آفت سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے جبکہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کوتمام جماعتوں کے ساتھ مل کرقومی پالیسی بنانا چاہیے تھی، یہ ہر طرح کےسیاسی اختلاف کو بالائےطاق رکھ کر قوم کو بچانےکا وقت ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کورونا وائرس کا مقابلہ سیلف آئسولیشن اورلاک ڈاؤن سے ہی ہوسکتا ہے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ منفی پروپیگنڈا کرنے والوں سے سختی سے نمٹنا چاہیے۔

جمعیت علمائے اسلام ے رہنما عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سندھ حکومت نے بروقت اقدامات اُٹھائے جو قابل تعریف ہیں۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر مہلک وائرس سے اب تک 7 افراد جاں بحق اور 958 افراد متاثرہوچکے ہیں۔ 

مزید خبریں :