Time 25 مارچ ، 2020
پاکستان

پاکستان میں پھنسے غیر ملکیوں کو بھیجنےکیلیے خصوصی پرواز کو آنے کی اجازت

—فوٹو فائل 

اسلام آباد: حکومت نے پاکستان میں پھنسے غیر ملکیوں کی ان کے وطن واپسی کے لیے خصوصی پرواز  کو آنے کی اجازت دے دی۔

حکومت نے پاکستان سے برطانیہ، امریکا اور دیگر ممالک جانے کے منتظر مسافروں کے لیے خصوصی اجازت نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت قطر ائیرویز کی خصوصی پرواز ان مسافروں کو لینے پاکستان آئے گی۔

ذرائع کے مطابق پرواز دوحا سے صرف فضائی عملے کو لے کر پاکستان آئے گی جو  رات ایک بجکر 40 منٹ پر اسلام آباد پہنچے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی پرواز  رات 3 بجے کے قریب 300 مسافروں کو لے کر دوحا کے لیے روانہ ہوگی۔

خیال رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر 21 مارچ کو 8 بجے شب سے 4 اپریل تک بین الاقوامی فضائی آپریشن معطل کر دیا تھا جس کے باعث متعدد غیر ملکی مسافر پاکستان میں پھنس گئے تھے۔

غیر ملکی فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے باعث بیرون ممالک میں پاکستان آنے والے مسافر بھی ائیرپورٹس پر پھنس گئے تھے جس کے لیے انہوں نے حکومت سے اپیل کی تھی کہ وہ کوئی موثر قدم اٹھائے۔

جب کہ حکومت نے سندھ میں 23 مارچ سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور سکھر ہوائی اڈے پر اندرونی پروازیں بھی معطل کردی تھیں تاہم اب ملک بھر میں اندرونی پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ ملک بھر میں کیسز کی تعداد 900 سے زائد ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :