کورونا وائرس: چین سے تشخیصی کِٹس، ماسک و دیگر سامان پاکستان پہنچ گیا

کورونا وائرس کی جنگ میں ہمسایہ ملک چین بھی پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور مہلک وائرس سے نمٹنے کے لیے خصوصی کارگو طیارہ این 95 ماسک اور دیگر حفاظتی سامان لے کر کراچی ائیرپورٹ پہنچ گیا۔

چینی بزنس مین و معروف آن لائن کمپنی علی بابا کی جانب سے پاکستان کوکورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سامان عطیہ کیا گیا ہے۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور چینی قونصل جنرل لی بیجان نے سامان وصول کیا، عطیہ کیے گئے سامان میں 5 لاکھ ماسک، 50 ہزار ٹیسٹ کِٹس اور دیگر سامان شامل ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ کٹس اور ماسک پورے ملک میں تقسیم ہوں گے جبکہ سندھ کو اس میں سے جو حصہ ملے گا وہ صوبے میں تقسیم کریں گے۔

چینی سفارتخانے کے مطابق چینی کمپنیاں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہیں اور چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں علی بابا کے بانی کے جیک ما نے ایشیائی ممالک کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے امدادی سامان دینے کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :