25 مارچ ، 2020
قومی بین الاقوامی فضائی کمپنی (پی آئی اے) نے شمالی علاقہ جات کیلئے پروازیں جاری رکھنے کی خصوصی اجازت حاصل کر لی۔
اسلام آباد سے گلگت اور اسلام آباد سے اسکردو کیلئے پروازیں شیڈول کے مطابق جاری رہیں گی۔ یہ فیصلہ شمالی علاقہ جات سے براہ راست رابطہ برقرار رکھنے کیلئے کیا گیا ہے۔
جمعرات 26 مارچ سے پاکستان بھر میں اندرونِ ملک پروازیں بند ہو جائیں گی لیکن شمالی علاقہ جات کیلئے پروازیں جاری رہیں گی۔
ملک بھر میں اندرون ملک پروازیں 26 مارچ سے 2 اپریل تک معطل رہیں گی۔
خیال رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر 21 مارچ کو 8 بجے شب سے 4اپریل تک بین الاقوامی فضائی آپریشن بھی معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس کے بعد حکومت نے سندھ میں 23 مارچ سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور سکھر ہوائی اڈے پر ڈومیسٹک پروازیں بھی معطل کردی تھیں تاہم اب ملک بھر میں ڈومیسٹک پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 8 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ ملک بھر میں کیسز کی تعداد 1059 ہوگئی ہے۔