Time 25 مارچ ، 2020
پاکستان

چین سے آنے والے ماسک کے معاملے پر سندھ حکومت اور پی ٹی آئی میں اختلاف

کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے یہ سامان خرید و فروخت کی معروف آن لائن کمپنی علی بابا کی جانب سے عطیہ کیا گیا ہے،فوٹو چنی سفارت خانہ پاکستان

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ چین سے ملنے والے 5 لاکھ ماسک میں سے 2 لاکھ سندھ رکھے گا جب کہ باقی 3 لاکھ پنجاب اور دیگر صوبوں کوبھجوائے جائیں گے۔

خیال رہے کہ آج چین سےخصوصی کارگو طیارہ این 95 ماسک اور دیگر حفاظتی سامان لے کر کراچی ائیرپورٹ پہنچا ہے۔

کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے یہ سامان خرید و فروخت کی معروف آن لائن کمپنی علی بابا کے بانی جیک ما کی جانب سے عطیہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے مرتضیٰ وہاب نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فیصلہ کیا ہے کہ چین سے ملنے والے 5 لاکھ این 95 لاکھ ماسک میں سے 2 لاکھ سندھ رکھے گا جب کہ باقی 3 لاکھ ماسک پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان بھجوائے جائیں گے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ٹوئٹر پر جیک ما اور چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں سندھ حکومت کو 5 لاکھ ماسک بھجوانے اور ہمارے ساتھ کھڑے ہونے پر اہم اپنے دیرینہ دوستوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

مرتضٰی وہاب کی ٹوئٹ پر پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے کارکنوں اور رہنماؤں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اس معاملے پر سیاست کررہی ہے اور یہ ماسک سندھ حکومت کے لیے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے آئے ہیں۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے صاحبزادے اواب علوی نے اپنے ردعمل میں مرتضیٰ وہاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں سب مل کر پاکستان کے لیے کام کرتے ہیں لیکن اس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

اواب علوی نے اس موقع پر جیک ما فاؤنڈیشن کا ٹوئٹ بھی شامل کیا ہے جس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کو امداد دیے جانے کا ذکر ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر اور سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ ہم سب کو مل کر کام کرنا چاہیے لیکن ہمیں اس طرح کی مارکیٹنگ کے طریقے نہیں اپنانے چاہئیں ، یہ ماسک صرف سندھ نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے بھیجے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے فوکل پرسن اظہر مشوانی نے جواب میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ظفر مرزا کی پریس بریفنگ کا کلپ شیئر کیا ہے جس میں وہ بتا رہے ہیں کہ چین سے 5 لاکھ ماسک بھجوائے گئے تھے جو کہ طیارے کے ذریعے پہنچ چکے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1062 ہوچکی ہے جب کہ 8 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 4 لاکھ 34 ہزار اور اموات ساڑھے 19 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں۔

کورونا وائرس کے عالمی وبا بننے کے باعث دنیا بھر میں میڈیکل ماسک اور ضروی حفاظتی سامان کی قلت پیدا ہوگئی ہے جس کے باعث اکثر ترقی یافتہ ممالک نے بھی کورونا سے نمٹنے کے لیے ضروری طبی سامان کی فروخت روک دی ہے۔

مزید خبریں :