25 مارچ ، 2020
ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس سے دوسری ہلاکت ہوگئی۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا ایک خاتون مریض آج انتقال کرگئیں، خاتون 21 مارچ سے زیرعلاج تھیں اور بیرون ملک سے وطن واپس آئی تھیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی لاہور کے میو اسپتال میں ایک مریض انتقال کرگیا تھا۔
اس ہلاکت کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 8 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے خیبرپختونخوا میں 3، پنجاب میں 2، سندھ، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
دوسری جانب ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے 5 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
سندھ میں 413، پنجاب میں 312، بلوچستان میں 119، خیبرپختونخوا میں 117، گلگت میں 84، اسلام آباد میں 16 اور آزاد کشمیر میں ایک مریض میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔