ای سی سی اجلاس میں قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی منظور، این ڈی ایم اے کو 5 ارب روپے جاری

کابینہ اجلاس میں  مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی کی مخالفت کی تھی،فوٹو:فائل

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی اور کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو 5 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ معاملہ وزارت صنعت و تجارت کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔

تاہم کابینہ ارکان کی اکثریت نےالیکٹرک وہیکل پالیسی پر امین اسلم کے مؤقف کی حمایت کی تھی جس کے بعد کابینہ نے الیکٹرک وہیکل پالیسی کا معاملہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے حوالے کردیا تھا۔

آج (جمعرات) کو مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے اعلامیے کے مطابق  اقتصادی رابطہ کمیٹی  نے قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی کی منظوری دے دی۔

ای سی سی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کو 5 ارب روپے بھی جاری کردیے۔

اس کے علاوہ وزارت ہاؤسنگ کے لیے ساڑھے 27کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ ایس ڈی جیز کے منصوبوں کے لیے ساڑھے 5ارب روپے کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔

کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی کی قیمت مہنگی

 اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے 26 ارب روپے سبسڈی جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔

ای سی سی نے کے الیکٹرک کے لیے جولائی2016 سے مارچ 2019 تک ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی منظوری بھی دی ہے اور اس ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کا نوٹیفکیشن 3 ماہ بعد جاری ہوگا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کے نئے ٹیرف سے بجلی کی قیمت ایک روپے1 پیسہ سے بڑھ کر 2 روپے 89 پیسے فی کلو واٹ ہوجائے گی۔

مزید خبریں :