Time 27 مارچ ، 2020
دنیا

کورونا سے دنیا میں ہلاکتیں 24 ہزار سے تجاوز کر گئیں، مریضوں کی تعداد 5 لاکھ سے بڑھ گئی

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ عالمگیر وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔

اٹلی میں گزشتہ تین روز سے ہلاکتوں کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آ رہی تھی جس کے باعث یورپی ملک میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے امید کی کرن نظر آنے لگی تھی لیکن گزشتہ روز ایک بار پھر اٹلی میں کورونا وائرس سے مزید 712ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی جس سے وہاں اموات کی مجموعی تعداد 8 ہزار 215 ہو گئی ہے۔

اٹلی میں کورونا وائرس کے مزید 6 ہزار 203 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد یورپی ملک میں مریضوں کی تعداد 80 ہزار 589 تک جا پہنچی ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 1195ہو گئی ہے جب کہ اسپین میں 718 افراد کی ہلاکت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 365 ہو گئی ہے۔

چین میں کورونا وائرس سے اب تک 3 ہزار287 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ ایران میں بھی موذی وبا سے اموات کی تعداد 2 ہزار 234 ہو گئی ہے۔

برطانیہ میں کورونا وائرس کےمریضوں کی تعداد 11 ہزار 658 اور ہلاکتوں کی تعداد 578 ہو گئی ہے۔

فرانس میں کورونا وائرس سے 365 نئی ہلاکتیں سامنے آنے کے بعد اموات کی مجموعی تعداد ایک ہزار 696 اور متاثرہ افراد کی تعداد 29 ہزار 155 تک پہنچ گئی ہے، 4 ہزار 948 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو بھی جا چکے ہیں۔ جرمنی میں کورونا کے 43 ہزار 938 مریض اور ہلاکتیں 267 ہو چکی ہیں۔

پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 9 اور متاثرہ افراد کی تعداد 1200 سے اوپر چلی گئی ہے۔

پاکستان میں سب سے زیادہ کیسز سندھ میں سامنے آئے ہیں جب کہ دوسرے نمبر پر پنجاب اور تیسرے نمبر پر خیبر پختونخوا ہے۔

کورونا وائرس نے دنیا کے 198ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس سے اب تک 24 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 5 لاکھ 28 ہزار 637 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثرہ ایک لاکھ 23 ہزار 364 افراد صحت یات ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :