27 مارچ ، 2020
کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے پھیلاؤ کے پیشِ نظر عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اسمارٹ فون صارفین کے لیے جلد معلوماتی ایپ متعارف کرائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور اب عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ایک ایسی ایپ بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جو کہ صارفین کو ناصرف کورونا وائرس سے بچاؤ سے متعلق معلومات فراہم کرے گی بلکہ ایپ سے صارفین دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد اور ہلاکتوں سے متعلق تمام تر اعدادو شمار کو جان سکیں گے۔
9 ٹو 5 گوگل رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ایچ او اینڈرائڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے ایک ایسی ایپ بنا رہا ہے جو کہ کووڈ-19 سے متعلق تمام تر معلومات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔
رپورٹس کے مطابق ایپ کا ابتدائی ورژن 30 مارچ کو پیش کیا جائے گا جس میں عربی، چینی، انگریزی، فرینچ، اور ہسپانوہی زبان بھی شامل ہو گی۔
خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت ابھی کورونا وائرس سے متعلق تمام تر معلومات اپنی ویب سائٹ اور واٹس ایپ چیٹ بوٹ کے ذریعے فراہم کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے 24 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہیں۔