04 مارچ ، 2020
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے متعلق گردش کرنے والی جھوٹی افواہوں کی روک تھام کے لیے مقبول ترین ایپ ٹک ٹاک استعمال کرنا شروع کردیا۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ٹک ٹک پر اپ لوڈ کی جانے والی پہلی ویڈیو میں کورونا وائرس کی روک تھام اور کنٹرول کی ٹیکنیکل سربراہ بینیڈیٹا ایلیگرینزی نے کہا کہ ’ اپنے آپ کو اور دوسروں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے ہم متعدد اقدامات کر سکتے ہیں‘۔
انہوں نے ٹک ٹاک ویڈیو میں کورونا وائرس کے لیے احتیاطی تدابیر کے حوالے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’اس وائرس سے بچنے کے لیے ہاتھ دھونا، چھینکتے یا کھانستے وقت رومال کا استعمال کرنا اور ایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملانا مددگار ثابت ہوسکتا ہے‘۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس سے متعلق متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی معلومات گردش کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور اسی ضمن میں عالمی ادارہ صحت بھی ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے آگاہی پھیلانے میں سرگرم ہے۔
اس سے قبل سوشل میڈیا کے مقبول ترین پلیٹ فارم فیس بک کی جانب سے بھی کورونا وائرس کے پیشِ نظر ایک احسن اقدام کیا گیا تھا۔
فیس بُک حکام کا کہنا ہے کہ ہم عالمی سطح پر اس پراسرار وائرس سے متعلق غلط معلومات اور غلط طریقہ علاج پھیلانے والی پوسٹوں کو ہٹانے کے حوالے سے قدم اٹھائیں گے۔
چین سے پھیلنے والے وائرس سے دنیا کے 65 سے زائد ممالک متاثر ہوئے ہیں جب کہ وائرس سے اب تک 3203 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی جاچکی ہے۔