پاکستان کی جانب سے مانگے گئے ہنگامی فنڈ کی جلد منظوری دیں گے، سربراہ آئی ایم ایف

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جیارجیوا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا انسداد کورونا پیکج خوش آئند ہے۔

اپنے بیان میں آئی ایم ایف کی سربراہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کا بورڈ انسداد کورونا اور ریلیف کے لیے پاکستان کی جانب سے مانگے گئے اضافی فنڈ کی جلد منظوری دے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات پاکستانی معیشت کے لیے چیلنجز ہیں، پاکستان کے ساتھ آئی ایم ایف کا تعاون جاری رہے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان کے مشیرِ خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث جاری کیا جانے والا معاشی پیکج سوا کھرب (125 ارب) روپے کا ہے، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کےساتھ اضافی 1.4 ارب ڈالرزکے لیے بات چیت چل رہی ہے۔

مشیر خزانہ نے بتایا کہ اس کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 350 ملین (35 کروڑ) ڈالر ابھی اور 900 ملین (90 کروڑ) ڈالر جون میں ملیں گے،اس رقم سے ضروریات کو پورا کیا جائےگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اپنی بچت کوختم کرکے اسے اخراجات میں بدل رہی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہےکہ کورونا کے سلسلےمیں جوبھی اخراجات ہوں گے یا جو بھی اضافی بوجھ پڑے گا وہ آئی ایف کےساتھ جوہماری کمٹمنٹ ہے اس کو متاثر نہیں کریں گے۔

خیال رہے کہ 3 جولائی 2019 کو آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 6 ارب ڈالرز کے قرض کی منظوری دی تھی جو تین سال کے دوران وقتاً فوقتاً قسط وار جاری کیے جانے ہیں۔

مزید خبریں :