اسنیپ چیٹ کے اس فلٹر سے کورونا وائرس کے حقائق اور غلط فہمیاں جانیے

فوٹو: بشکریہ ہندوستان ٹائمز

خطرناک عالمی وبا کووِڈ-19 یعنی کورونا وائرس سے متعلق متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ویب سائٹس پر جعلی معلومات گردش کر رہی ہیں اور ان افواہوں سے نمٹنے کے لیے کئی ادارے سرگرم بھی ہیں۔

متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ویب سائٹس کورونا وائرس سے متعلق غلط معلومات کو ہٹانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو افواہوں اور حقائق سے متعلق آگاہ بھی کر رہی ہے۔

مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم اسنیپ چیٹ نے کورونا وائرس سے متعلق حقائق اور افواہوں کے حوالے سے ایک نیا فلٹر متعارف کرایا ہے۔

چونکہ صارفین فلٹرز کا استعمال کافی زیادہ کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ اسنیپ چیٹ کی جانب سے کووڈ-19 یعنی کورونا وائرس سے متعلق حقائق اور افواہوں سے آگاہ کرنے کے لیے فلٹر کا سہارا لیا گیا ہے۔

اسنیپ چیٹ کا یہ نیا فلٹر صارفین سے کووڈ-19 سے متعلق سوال پوچھتا ہے جس کے جواب میں صارفین کے پاس دو آپشن ہوتے ہیں، ایک افواہ جب کہ دوسرا حقائق کا، جیسے ہی صارفین ا س سوال کا جواب دینے کے لیے ایک آپشن کا انتخاب کرتے ہیں تو یہ فلٹر کورونا سے متعلق سوال کا صحیح جواب دیتا ہے کہ آیا یہ افواہ ہے یا حقیقت۔

اسنیپ چیٹ کے اس نئے فلٹر کا نام 'کووڈ-19 متھ بسٹنگ' ہے جب کہ اس فلٹر میں فراہم کی جانے والی تمام تر معلومات عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سے حاصل کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی اسنیپ چیٹ نے صارفین کے لیے "ہیئر فار یو" ٹول متعارف کرایا تھا جو کہ صارفین کی بے چینی اور اسٹریس کو دور کرنے کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :