30 مارچ ، 2020
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی فوری بحالی کا حکم دے دیا۔
پی ایم ڈی سی کی بحالی کے فیصلے پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ تالے توڑ کر رجسٹرار پی ایم ڈی سی کو ان کے آفس میں بٹھا کر ایک گھنٹے میں رپورٹ دی جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنا توہین عدالت ہے، وفاقی حکومت عدالت کے منہ پر تھپڑ مار رہی ہے ۔ وفاقی حکومت کو زیب نہیں دیتا کہ ایسا رویہ اپنائے۔
خیال رہے کہ فروری میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو تحلیل کرنے کے صدارتی حکم نامے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔