دنیا
Time 30 مارچ ، 2020

کورونا نے نیویارک کو موت کا قلعہ بنا دیا، دنیا میں ہلاکتیں 34 ہزار سے تجاوز کر گئیں

دنیا کے 199 ممالک کے 7 لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد خطرناک وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، اٹلی میں ہلاکتیں 10 ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں۔ فوٹو: فائل

عالمگیر وبا کورونا نے امریکی ریاست نیویارک کو موت کے قلعے میں تبدیل کر دیا ہے جہاں اب تک ایک ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں جب کہ دنیا بھر میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکا میں 286 نئی اموات رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد وہاں اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 489 ہو گئی ہے جب کہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 42 ہزار 746 ہو گئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق صرف ریاست نیویارک میں کورونا وبا سے مرنے والے افراد کی تعداد 1026 ہو چکی ہے جب کہ امریکا میں پائے جانے والے مجموعی کیسز میں سے آدھے نیویارک میں ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی خبر دار کیا ہے کہ امریکا میں وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد ایک سے دو لاکھ تک ہو سکتی ہے۔

دنیا بھر میں اس وقت سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہیں جہاں 10 ہزار 779 افراد اب تک کورونا کا شکار ہو چکے ہیں جب کہ مریضوں کی تعداد بھی تقریباً ایک لاکھ کے قریب ہے۔

اسپین 537 نئی ہلاکتوں کے بعد اٹلی کے بعد دنیا کا دوسرا بڑا متاثر ملک ہے جہاں اب تک 7 ہزار 340 افراد ہلاک اور 85 ہزار 195 متاثر ہو چکے ہیں۔

ایران میں بھی کورونا وائرس کے باعث اموات کا سلسلہ جاری ہے اور مزید 117 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جس کے بعد اسلامی ملک میں اموات کی تعداد 2 ہزار 757 تک پہنچ گئی ہے۔

چین، سوئٹزرلینڈ اور جنوبی کوریا میں بھی بالترتیب 4، 12 اور 6 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جب کہ بیلجیم میں اموات تیزی سے بڑھ رہی ہیں جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 82 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں اور ایک ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 12 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔

گزشتہ برس چین کے صوبے ہوبئی کے شہر ووہان سے منظر عام پر آنے والا کورونا وائرس اب تک دنیا کے 199 ممالک کے 7 لاکھ 35 ہزار سے زائد لوگوں کو متاثر کر چکا ہے۔

کورونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 34 ہزار 804 اموات ہو چکی ہیں جب کہ ایک لاکھ 56 ہزار 122 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے باعث 19 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ساڑھے 1600 سے زائد ہو چکی ہے۔

مزید خبریں :