میر شکیل الرحمان کی پیرول پر رہائی کیلئے شیریں مزاری کا نیب کو خط

 پہلے بھی ایسی کئی مثالیں موجود ہیں جب نیب نے انسانی بنیادوں پر لوگوں کو مختص وقت کے لیے رہا کیا: وفاقی وزیر کے خط کا متن— فوٹو: فائل 

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے قومی احتساب بیورو (نیب)  کو خط میں جنگ، جیو نیوز نیٹ ورک کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کے بڑے بھائی میر جاوید الرحمان کی شدید علالت کے باعث انہیں پیرول پر رہائی کی درخواست کی ہے۔

وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو خط لکھ کر میر شکیل الرحمان کے بڑے بھائی میر جاوید الرحمان کی شدید علالت سے آگاہ کیا۔

ڈاکٹر شیری مزاری کا کہنا ہے کہ جیو نیٹ ورک کے سی ای او میر ابراہیم رحمان نے اطلاع دی ہے کہ میر شکیل الرحمان کے بڑے بھائی میر جاوید الرحمان کی طبیعت انتہائی ناساز ہے، اس لیے انہیں بھائی سے ملنے دیا جائے۔

ڈاکٹر شیریں مزاری نے خط میں نیب سے درخواست کی ہے کہ میر شکیل الرحمان کی 48 گھنٹے کے لیے پیرول پر رہائی کی لاہور ہائی کورٹ میں مخالفت نہ کی جائے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میں نیب کے معاملات میں مداخلت کیے بغیر بطور انسانی حقوق کی وفاقی وزیر کے یہ درخواست کر رہی ہوں کہ میر شکیل الرحمان کو ان کے بیمار بھائی میر جاوید الرحمان سے ملنے کی اجازت دی جائے۔

خط کے متن کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ ہمیں سکھایا ہے کہ انسانی پہلو کو نظر انداز نہیں کرنا اور وزیراعظم آج بھی ہمیں انسانی پہلو کو اہمیت دینے کا درس دیتے ہیں۔

شیریں مزاری نے خط میں لکھا کہ پہلے بھی ایسی کئی مثالیں موجود ہیں جب نیب نے انسانی بنیادوں پر لوگوں کو مختص وقت کے لیے رہا کیا، میں چیئرمین نیب سے اپیل کرتی ہوں کہ اس مقدمے میں بھی ایسا ہی کیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مذہب اسلام ہمیں انسانی ہمدردی کا درس دیتا ہے، آئین پاکستان بھی انسانی حقوق کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، میں بطور انسانی حقوق کی وزیر یہ درخواست نہ کروں تو یہ میری کوتاہی ہوگی۔

خیال رہے کہ جنگ اور جیو نیوز کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کے بڑے بھائی میر جاوید الرحمان شدید علیل ہیں اور اِن دنوں کراچی کے اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج ہیں۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے 12 مارچ کو 34 برس قبل مبینہ طور پر حکومتی عہدے دار سے غیرقانونی طور پر جائیداد خریدنے کے کیس میں جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کو گرفتار کیا تھا۔

میر شکیل الرحمان اِس وقت 7 اپریل تک جسمانی ریمانڈ پر ہیں جنہیں نیب لاہور کے دفتر میں رکھا گیا ہے۔

مزید خبریں :