Time 23 مارچ ، 2020
پاکستان

24 گھنٹوں میں بیرون ملک ائیرپورٹس پر پھنسے پاکستانی وطن پہنچ جائیں گے، معید یوسف

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈویژن معید یوسف کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں میں بیرون ملک ائیرپورٹس پر پھنسے پاکستانی وطن پہنچ جائیں گے۔

 خیال رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر 21 مارچ کو 8 بجے شب سے 4اپریل تک بین الاقوامی فضائی آپریشن معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان کے لیے پروازیں بند ہونے سے متعدد پاکستانی ٹرانزٹ (کنکٹنگ فلائٹس والے) مسافر  ائیر پورٹس پر پھنس گئے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معید یوسف کا کہنا تھا کہ قطر میں پھنسے پاکستانی مسافرآج رات آجائیں گے جب کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پھنسے مسافروں کو لینے خصوصی طیارہ جلد روانہ ہوگا۔

معید یوسف کا کہنا تھا کہ ترکی میں پھنسے پاکستانیوں کا ویزہ لگوا کر انہیں سہولت فراہم کردی گئی ہے اور ان کی  رہائش کے لیے سفارت خانے میں انتظامات کردیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ وہ 2 ہفتے تک وطن آنے کا ارادہ منسوخ کردیں۔

خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے 21 مارچ سے 14 روز کیلئے بین الاقوامی فضائی آپریشن معطل کردیا ہے جبکہ سندھ میں 23 مارچ سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور سکھر ہوائی اڈے پر ڈومیسٹک پروازیں بھی معطل ہیں۔

انٹرنیشنل فلائٹس کی اچانک بندش کی وجہ سے متعدد پاکستانی مختلف ممالک کے ائیرپورٹس پر پھنس گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث 6 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ساڑھے 8 سو سے تجاوز کرگئی ہے۔

صورتحال پر قابو پانے کے لیے سندھ اور پنجاب میں لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے جب کہ ملک بھر میں فوج تعینات کردی گئی ہے۔

مزید خبریں :