02 اپریل ، 2020
اطلاعات ہیں کہ معروف ویڈیو پلیٹ فارم یوٹیوب نوجوانوں میں انتہائی مقبول چینی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کی طرز پر پر ایک نیا ویڈیو پلیٹ فارم لانچ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
ٹک ٹاک نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہونے والا پلیٹ فارم ہے جہاں پر وہ وہ کم دورانیے کی ویڈیوز بنا کر شیئر کر سکتے ہیں۔ ٹک ٹاک کے دنیا بھر میں صارفین کی تعداد 800 ملین سے زیادہ ہے جبکہ اسے2 ارب سے زائد مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے۔ اسی لیے یوٹیوب کے لیے اس سے مقابلہ اتنا آسان نہیں ہوگا۔
دی انفارمیشن کی ایک رپورٹ کے مطابق یوٹیوب اس نئے منصوبے پر گزشتہ سال اکتوبر سے کام کر رہا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ 2020 یعنی رواں سال کے آخر تک اسے لانچ کر دیا جائے گا۔
اس منصوبے پر کام کرنے والے دو افراد نے دی انفارمیشن کو اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ اس کا نام" شاٹس "رکھا جائے گا اور یہ یوٹیوب کی موجودہ ایپ کا ہی ایک حصہ ہوگا اس لیے صارفین کو کوئی نئی ایپ انسٹال کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق یوٹیوب شارٹس کے ذریعے صارفین کمپنی کی وسیع میوزک لائبریری سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے اسی لیے یوٹیوب کو امید ہے کہ یہ صارفین بھی مقبولیت حاصل کر لے گی۔
واضح رہےکہ اس سے قبل بھی کئی امریکی کمپنیاں اور اسٹارٹ اپ ٹک ٹاک کی طرز پر ایپس لانچ کر چکے ہیں مگر وہ چینی کمپنی کی مقبولیت کم کرنے میں ناکام رہے۔