02 اپریل ، 2020
اداکار اور ہدایت کار شمعون عباسی اور محب مرزا سمیت ان کی ٹیم کے 21 افراد پاکستان کے لیے پروازیں بند ہونے سے تھائی لینڈ میں پھنس گئے۔
پاکستان کے لیے پروازیں نہ ہونے کے باعث فلم کی شوٹنگ کے لیے تھائی لینڈ جانے والے اداکار، ٹیکنیشنز اور فلم کے دیگر عملے کو وطن واپسی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
تھائی لینڈ سے جیو نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ جب ہم یہاں آئے تھے تو اس وقت چین کے علاوہ دنیا میں کہیں بھی کورونا وائرس کے حوالے سے صورتحال اتنی خراب نہ تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ 21 مارچ کو ہمیں پتہ چلا پاکستان کے لیے پروزایں 4 اپریل تک بند کردی گئی ہیں تو اس کے تین دن بعد میری فلائٹ تھی اور باقی لاگوں نے بھی آنا تھا۔
شمعون عباسی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے دنیا کے مختلف ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے خصوصی فلائٹس کا فیصلہ کیا ہے تاہم اس میں تھائی لینڈ کا نام نہیں تھا اس لیے ہم نے آواز اٹھائی ہے تاکہ حکومت متوجہ ہوسکے۔
اس موقع پر اداکار محب مرزا کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ پوری ٹیم یہاں پھنس گئی ہے جس میں اداکارہ صنم سعید اور دیگر اداکار بھی شامل ہیں اور وطن واپسی کی کوئی راہ نظر نہیں آرہی، اس لیے حکومت ، سول ایوی ایشن اور پی آئی اے سے درخواست ہے کہ ہماری واپسی کا انتظام کیا جائے۔
محب مرزا کا کہنا تھا کہ یہاں پر اخراجات بھی بڑھتے جارہے ہیں وہ اور ان کی ٹیم پاکستان میں قرنطینہ میں رہنے سمیت تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے تیار ہے۔
خیال رہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر 21 مارچ کو 8 بجے شب سے 4اپریل تک بین الاقوامی فضائی آپریشن بھی معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
جس کے بعد متعدد ملکوں میں پاکستانی پھنس گئے تھے جس کے باعث گذشتہ روز حکومت کی جانب سے جزوی طور پر بین الاقوامی فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی اجازت دی گئی تھی اور آج کینیڈا میں پھنسے پاکستانیوں کے لانے کے لیے 2 خصوصی پروازیں بھیجی بھی گئی ہیں۔
شمعون عباسی کے دعوے کے برعکس 29 مارچ کو حکومت پاکستان کی ہدایت پر ایک خصوصی پرواز بنکاک ائیر پورٹ پر پھنسے 170 پاکستانیوں کو وطن واپس لائی تھی۔
خصوصی پرواز بنکاک جانے کے باوجود شمعون عباسی اور ان کی ٹیم پاکستان واپس نہیں آئی۔
ائیرپورٹ پر پھنسے مسافروں نے حکومت سے اپیل کی تھی کہ وہ تھائی حکام سے رابطہ کر کے ان کے لیے خصوصی پرواز کا بندوبست کرے تاکہ وہ اس مشکل گھڑی میں اپنے گھروں تک پہنچ سکیں۔