03 اپریل ، 2020
چین سے پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے لیا ہے جب کہ حال ہی میں ایک بلی اور دو کتوں میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے۔
حال ہی میں پالتو جانوروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور ان جانوروں میں کورونا وائرس ان کے ہی مالکان سے منتقل ہوا ہے۔
پالتو جانوروں میں انسانوں سے کورونا وائرس منتقل ہونے کے کیسز سامنے آنے کے بعد لوگوں کے دماغ میں یہ سوال اٹھ رہے ہیں کہ کیا ان پالتو جانوروں سے دیگر انسانوں میں کورونا وائرس منتقل ہوسکتا ہے یا نہیں؟
اس حوالے سے چینی سائنسدانوں کی جانب سے تازہ ترین تحقیق کی گئی ہےجس میں انہوں نے کتے، بلی اور دیگر مختلف جانوروں کو لیبارٹری میں کورونا وائرس میں جان بوجھ کر مبتلا کرنے کی کوشش کی۔
سائنسدانوں نے تحقیق سے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ کورونا وائرس بلی اور سفید نیولے کو باآسانی لاحق ہو سکتا ہے جب کہ کتے بھی اس سے متاثر ہو سکتے ہیں لیکن وہ آسانی سے وائرس کا شکار نہیں ہوتے۔
چینی سائنسدانوں نے بتایا کہ بلیوں اور سفید نیولوں میں انسانوں سے کورونا وائرس منتقل ہو سکتا ہے تاہم اس کے بعد ان پالتو جانوروں سے انسانوں میں وائرس منتقل ہونے کا خطرہ بہت کم ہوتا ہے۔
تحقیاتی ٹیم کے سربراہ جیان ژونگ شی کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ تحقیق پالتو جانوروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد کی۔
چند روز قبل بیلجیئم میں ایک بلی کے مالک کو کورونا وائر س ہوا، بعدازاں اس کی بلی میں بھی وائرس کی تصدیق ہو گئی تھی بالکل اسی طرح ہانگ کانگ میں بھی دو کتوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ انسانوں کو ان پالتو جانوروں سے محتاط رہنا چاہیے، یہ پالتو جانور انسانوں سے وائرس کا شکار ہو سکتے ہیں جب کہ ان پالتو جانوروں سے انسانوں کو بھی وائرس منتقل ہونے کا کسی حد تک امکان ہوتا ہے۔
عالمگیر وبا کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں اب تک 53 ہزار سے زائد جانیں ضائع ہو چکی ہیں جب کہ 10 لاکھ سے زیادہ افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔