05 اپریل ، 2020
کورونا وائرس پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاک افغان سرحد کو بھی آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا جسے اب پاکستان نے عارضی طور پر کھولنےکا فیصلہ کیا ہے۔
کورونا لاک ڈاون کے بعد پاک افعان بارڈر کو وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ایک روز کھولنے کے بعد مکمل سیل کر دیا گیا تھا جس کے باعث ہزاروں افغان شہری پاکستان میں پھنس گئے تھے۔
ایسے میں افغان حکومت نے پاکستان سے درخواست کی کہ پاک افغان سرحد پر آمدورفت کو عارضی طور پر بحال کیا جائے تاکہ افغان شہری وطن واپس آ سکیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان حکومت کی درخواست پر افغان شہریوں کو واپس جانےکی اجازت دیدی ہے۔
پاکستان میں افغان سفیر عاطف مشعل کا کہنا ہے کہ ویزا رکھنے والے افعان شہری 3 دن تک افغانستان جا سکتے ہیں۔
افغان سفیر نے بتایا کہ 6 سے 9 اپریل تک طورخم اور سپین بولدک کے راستے سے افغانستان جایا جا سکتا ہے۔
حکومت پاکستان کی اجازت کے بعد روزانہ ایک ہزار افغان شہری پاکستان سے افعانستان میں داخل ہو سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 27 مارچ کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں پاکستان کی مغربی اور مشرقی سرحدوں کو مزید دو ہفتوں کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔