اقراء اور یاسر نے ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس کیلئےسوٹس کی سلائی شروع کردی

اقراء عزیز اور یاسر حسین نے ڈاکٹرز اور  پیرا میڈکس اسٹاف کے لیے خود سلائی کرکے حفاظتی لباس تیار کرلیا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی بڑھتی تعداد کے پیشِ نظر متعدد معروف شخصیات اپنی اپنی استطاعت کے مطابق مدد کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے اداکار جوڑے اقرا اور یاسر حسین نے بھی کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے ڈاکٹرز و پیرامیڈکس اسٹاف کے لیے خود سلائی کرکے حفاظتی لباس کیا ہے۔

بے شمار اداکاراؤں سمیت قومی کھلاڑیوں کی جانب سے مزدوروں اور غریب طبقہ افراد کی مدد کرنے کے لیے انہیں راشن تقسیم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

چند روز قبل کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس افراد کو سفید جھنڈے لہرا کر خراجِ تحسین بھی پیش کیا گیا تھا۔

بعد ازاں پاکستان کے مقبول ترین ڈیزائنر عاصم جوفا کی جانب سے ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس اسٹاف کے لیے حفاظتی لباس تیار کر کے انہیں مفت میں دینے کا اعلان سامنے آیا۔

اب عاصم جوفا کے اس کارِ خیر میں اپنا حصہ ڈالنے کے اداکارہ اقراء عزیز اور یاسر حسین نے بھی اپنے گھر میں خود سلائی کر کے ڈاکٹرز و پیرا میڈکس اسٹاف کے لیے حفاظتی لباس تیار کیا ہے۔

View this post on Instagram

for more details contact @asimjofa

A post shared by Yasir Hussain (@yasir.hussain131) on

اس حوالے سے یاسر حسین کی جانب سے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی گئی جس میں وہ حفاظی لباس خود تیار کر رہے ہیں۔

یاسر حسین نے اپنے ویڈیو پیغام میں عوام کو کہا کہ 'مجھے سلائی کرنا بالکل نہیں آتی لیکن اقراء نے مجھے یہ کرنا بتایا اور یہ بے حد آسان ہے،  یہ سوٹ عاصم جوفا اور ہم ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس کے لیے بنا رہے ہیں'۔

اداکار نے کہا کہ آپ سب بھی صرف خراج تحسین اور سلام پیش کرنے کی بجائے ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس کے لیے عملی طور پر کچھ کر سکتے ہیں۔

یاسر حسین نے اپنے پیغام میں لوگوں کو کہا کہ اگر آپ کے گھر میں کسی کو بھی سلائی آتی ہے تو کوئی بھی واٹر پروف کپڑا لے کر آپ بھی ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس کے لیے یہ سوٹ تیار کرسکتے ہیں۔

اداکارہ اقرا اور یاسر حسین نے عاصم جوفا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور لوگوں کو بھی ا س کارِ خیر میں حصہ لینےکو کہا۔

مزید خبریں :