پاکستان
Time 07 اپریل ، 2020

ڈاکٹروں کیلئے 39 ہزار حفاظتی کٹس صوبوں کو دے چکے: اسد عمر

کفالت پروگرام کےتحت جمعرات سےچیک تقسیم ہوناشروع ہوجائیں گے،اسدعمر ،فوٹو:فائل

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کا کہنا ہے کہ حکومت  ڈاکٹروں کے تحفظ کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے اور اب تک ساڑھے 39 ہزار حفاظتی کٹس صوبوں کو فراہم کی جا چکی ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 153 اسپتالوں میں براہ راست اسپتال انتظامیہ کوحفاظتی کٹس پہنچائیں گے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک میں 400 اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز ہیں، جن اسپتالوں میں 4 یا اس سے کم وینٹی لیٹرز ہیں ان کو ترجیحی بنیادوں پر وینٹی لیٹرفراہم کریں گے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ ٹیسٹ  کے بارے میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ اپریل کے آخر تک 25 ہزاریومیہ ٹیسٹ کیے جائیں۔

وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی کا کہنا تھا کہ ملک کےمتوسط طبقے پر معاشی بوجھ پڑ رہاہے اس لیے کفالت پروگرام کےذریعے ایک کروڑ 20لاکھ خاندانوں کی مالی معاونت کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کفالت پروگرام کےتحت جمعرات سےچیک تقسیم ہونا شروع ہو جائیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے 55 افراد جاں بحق بھی ہوئے ہیں۔

 کئی ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف مہلک وائرس کا شکار

کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود کئی ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف  مہلک وائرس کا شکار ہو چکے ہیں اور اب تک 2 ڈاکٹر اور ایک پیرامیڈیکل اسٹاف کا انتقال بھی ہوچکا ہے۔

اس صورتحال میں ڈاکٹروں کی جانب سے مسلسل حفاظتی کٹس کی فراہمی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ گزشتہ روز کوئٹہ میں حفاظتی کٹس کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر پولیس نے لاٹھی چارج بھی کیا تھا۔

مزید خبریں :