Time 07 اپریل ، 2020
پاکستان

چینی بحران پر کھل کر بحث، وفاقی کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

چینی بحران رپورٹ عام کرنے پر وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا— فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں چینی بحران پر کھل پر بحث ہوئی اور معاملے کا ہر پہلو دیکھا گیا، چینی بحران رپورٹ عام کرنے پر وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ کابینہ ارکان نے چینی بحران رپورٹ عام کرنے کو وزیراعظم کا جرأت مندانہ اقدام قرار دے دیا۔ کابینہ ارکان کے مطابق پہلی مرتبہ شوگر انڈسٹری سےمتعلق سسٹم میں خرابیاں بھی سامنے آئیں، اسدعمر نےچینی بحران پر کابینہ میں بات شروع کی، پھرشہزاد اکبر نے بریفنگ دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بحران کی صورت میں چینی برآمد روکنے کی ذمہ داری بین الوزارتی کمیٹی کو دی گئی تھی، پرویزخٹک اور دیگر وزراء نے بین الوزارتی کمیٹی سے متعلق عبدالرزاق داؤد سے سوالات کیے اور پوچھا کہ کیا بین الوزارتی کمیٹی نے ہر ہفتے اجلاس بلایا؟معاملہ دیکھا ؟ کیا کمیٹی نے بحران سامنے آنے پر چینی کی برآمد روکی؟

ذرائع نے بتایا کہ کابینہ ارکان کو بریفنگ دی گئی کہ پنجاب حکومت نے3ارب جبکہ شاہدخاقان نے اپنے دور میں 17ارب کی سبسڈی دی تھی۔

علاوہ ازیں کابینہ ارکان نے احساس ایمرجنسی کیش جلد عوام تک پہنچانے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عام لوگ اور دیہاڑی دار مشکلات میں ہیں، امداد سے آسانیاں ملیں گی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ چینی کی کسی صورت قیمت نہیں بڑھنےدیں گے، اقتدار میں اسی لیے آیا کہ غریب عوام کومافیا سےنجات دلاؤں، 25 اپریل کے بعد فیصلے خود بولیں گے، کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں کارروائی ہوگی۔

مزید خبریں :