08 اپریل ، 2020
کراچی: لاک ڈاؤن کے باعث یومیہ دیہاڑی دار طبقہ اور نادار افراد کی مدد کے لیے مختلف اداروں اور مخیر حضرات کی جانب سے راشن تقسیم کیا جا رہا ہے، مگر اس صورت حال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شہر قائد میں لٹیرے بھی سرگرم ہو گئے ہیں۔
شہر میں مستحق افراد امدادی سامان کو ترس رہے ہیں لیکن لٹیرے منوں راشن جمع کئے بیٹھے ہیں۔
ایک دکان پر جب امدادی راشن فروخت کرنے کے لیے مرد اور عورت آئے تو دکاندار نے ان کی خفیہ طور پر ویڈیو بھی بنا لی۔
راشن بیچنے کے لیے آنے والے افراد نے راشن کے بجائے شیمپو، صابن وغیرہ اور نقد پیسے مانگے۔
دکاندار کے پوچھنے پر راشن بیچنے والوں نے بتایا کہ ان کے پاس 4 سے 5 من راشن گھر میں پڑا ہے جسے وہ فروخت کرنا چاہتے ہیں۔ دکاندار نے انہیں وقتی طور پر راشن لینے سے منع کر کے روانہ کر دیا۔
دوسری جانب گلشن اقبال پولیس نے امداد کا راشن بیچنے والے دکاندار کو گرفتار کر لیا۔