پاکستان
Time 08 اپریل ، 2020

لاک ڈاؤن کے دوران پتنگ بازی کا شوق بے لگام، کئی شہری ڈور پھرنے سے زخمی

شہر کے گلی محلوں اور گھروں کی چھتوں کے علاوہ مصروف شاہراہوں اور پلوں پر بھی پتنگیں اُڑائی جارہی ہیں— فوٹو:فائل 

کراچی میں لاک ڈاون کے دوران پتنگ بازی کا شوق بے لگام ہوگیا جس کے باعث  تیزدھار مانجھے سے کئی شہریوں کے گلے کٹنے اور شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے اور ایسے میں کراچی میں بعض شہریوں نے وقت گزاری کے لیے پتنگ بازی کا سہارا لیا ہے۔ 

شہر کے گلی محلوں اور گھروں کی چھتوں کے علاوہ مصروف شاہراہوں اور پلوں پر بھی پتنگیں اُڑائی جارہی ہیں۔

کراچی کی مصروف گزرگاہ لیاقت آباد پُل کے اطراف کی عمارتوں کی چھتوں پر چڑھ کر شہری پتنگ بازی اور پیچ لڑانے میں مشغول ہیں۔

پتنگ کٹتی ہے تو کانچ سے بنایا گیا مانجھا لہراتا ہوا نیچے آتا ہے اور پھر جو زد میں آئے، اُسے چھری کی طرح کاٹ کر رکھ دیتا ہے، یہی وجہ ہے کہ لوگ ڈرتے ڈرتے اس پل کو پار کرتے ہیں۔

شہر کے مصروف ترین پل پر بچے بھی کٹتی پتنگوں کو  لوٹنے کے لیے ٹریفک کو خاطر میں لائے بغیر پل کے بیچوں بیچ بھاگ کھڑے ہوتے ہیں۔

لیاقت آباد کے اس مقام پر ڈور پھرنے سے گزشتہ دو دنوں میں 2 افراد زخمی بھی ہوچکے ہیں جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی ڈور پھرنے اور لوگوں کے شدید زخمی ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ 

پولیس نے کارروائی کرکے 3 پتنگ فروشوں کو گرفتار بھی کیا لیکن اس جان لیوا شوق میں کوئی کمی نہیں آئی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سندھ سمیت ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے تاہم اس کے باوجود مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

مزید خبریں :